02/06/2024

Ya Rabbana Irham lana

تیرے گھر کے پھیرے لگاتا رہوں میں 

سدا شہر مکہ میں آتا رہوں میں

حرم میں، میں حاضر ہوا بن کے مُجرم
یہ لَبیک نعرہ لگاتا رہوں میں

میں لیتا رہوں بوسۂ سنگِ اَسود 
یُوں دِل کی سیاہی مٹاتا رہوں میں

الٰہی میں پِھرتا رہوں گرد کعبہ 
یوں قِسمت کی گردش مٹاتا رہوں میں

لِپٹ کر گلے لگ کے میں مُلتَزم سے
گناہوں کے دھبے مٹاتا رہوں میں

ابراہیم کے نقشِ پا چُوم کر میں 
نِگاہوں سے دل میں بساتا رہوں میں

حطیمِ حرم میں نمازوں کو پڑھ کر
تیرے در پہ دُکھڑے سُناتا رہوں میں

میں پیتا رہوں ہر گھڑی آبِ زَم زَم
لگی اپنے دِل کی بُجھاتا رہوں میں

صفا اور مروہ کے مابین دوڑوں 
سَعی کر کے تُجھ کو مناتا رہوں میں

جُھکی جن کے سجدے کو محرابِ کعبہ
وہیں دل ادب سے جُھکاتا رہوں میں

مُزدَلفہ میں وقتِ سحر مُسکرا کر
یہ سُنَّت نبیﷺ کی بتاتا رہوں میں

رمی کر کے جَمَرَاٰت کی منیٰ میں 
تیرے دُشمنوں کو مٹاتا رہوں میں

تُو شر سے پناہ دے مقدر ہو ایسا
کہ بس خیر ہی خیر پاتا رہوں میں

سند حَجِ مبرُور کی لینے حاضر 
آقاﷺ کی چوکھٹ پہ جاتا رہوں میں

ہو مقبول حج حاضری دائمی میں 
پسِ حج مدینے کو جاتا رہوں میں

الٰہی تو ایسا مُقدر عطا کر
ہمیشہ ہی طیبہ میں آتا رہوں میں

الٰہی تُو قسمت دے طُور و حِرا کی
کہ اس دل میں آقاﷺ کو پاتا رہوں میں

ہے سیّؔد کی خواہش مدینے میں مر کر
ہمیشہ ہی جنَّت کو پاتا رہوں میں

 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Thanks for you

Popular

Koi Gul Baqi Rahega

کوئی گل باقی رہے گا نہ کلی رہ جائے گی پھر بھی زیرِ آسماں حب نبی رہ جائے گی نامیوں کے نام کا نقطہ بھی نہ رہ جائے گا عظمتِ صدیق کی مہر جلیں رہ...