31/05/2022

سانس تو آنی جانی ہے

میں بھی فانی تو بھی فانی دنیا ساری فانی ہے

سانس پہ مت اترا رے بندے سانس تو آنی جانی ہے

چھوڑ دے سارے کالے دھندے توڑ دے سب شیطانی پھندے
دو روٹی کی سوچ رے بندے دو ہی تونے کھانی ہے

حسن جوانی دولت شہرت عزت طاقت اور مزہ
کبھی نہ ان کے دام میں آنا ٹھنڈی لحد جو پانی ہے

کتنے آئے کون بچا ہے کیسے تو بچ پائے گا
اس بابت تو سب یکساں ہے سب کی ایک کہانی ہے

گو کہ بظاہر گل سی خوشی ہے خار سے غم ہیں دنیا میں
لیکن نَفْسُ الْأَمر میں سب کی ایک حقیقت پانی ہے

میرے جسم پہ میری مرضی کیسی یہ نادانی ہے
راہِ خدا سے ہٹ کر تونے خود پر آفت ڈھانی ہے

نا تو خود دنیا میں آیا نہ ہی خود سے جائے گا
چھوڑ دے دو پل کی من مانی آگے دیکھا جائے گا

30/05/2022

یہ دنیا ہماری تو بس اک سفر ہے

 

یہ دنیا ہماری تو بس اک سفر ہے

سفر کرنے والوں کی منزل قبر ہے

بظاہر تو مٹی ہے مدفن ہمارا
مگر نار یا نور ہی ہے سراپا
عمل پر ہے ہمارے قبر کا نقشہ
ہے جنت کی کھڑکی یا بچھو کا گھر ہے

غضب سے ہے زیادہ میرے رب کی رحمت
مگر اپنے دل میں نہیں خوف و عبرت
کبھی نیکیوں میں نہیں کرتے سبقت
گناہوں کی عادت ہمیں کس قدر ہے

اندھیروں میں بھٹکی ہے یوں میری ہستی
گناہوں میں لذت عبادت میں سستی
ختم کر دے مولا میری سیاہ بختی
تو ہی رہنما اور تو ہی چارہ گر ہے

تہجد اور اذکار سے روح تر ہو
تلاوت سے روشن یہ شام و سحر ہو
نہ تاریک شب کا ہمیں کوئی ڈر ہو
چراغِ محبت جو دل میں اگر ہے

بھڑکتی ہوئی آگ کو دور کر دے
میرے مولا میری قبر نور کر دے
میرے دل میں روشن وہی طور کر دے
میری روح جس کے لئے منتظر ہے

24/05/2022

وقتِ آخر حضور آجانا

وقت آخر حضور ﷺ آجانا

اپنا جلوہ مجھے دیکھا جانا

میرے مدفن میں روشنی کے لیے
آکے ایک بار مسکرا جانا

ایک مدت سے پیاسی ہیں آنکھیں
جامِ دیدار انہیں پِلا جانا

دم میرا تیرے روبرو نکلے
حسرتِ دل میری مٹا جانا

عرض کر دینا میرا اُن سے سلام
جب مدینے میں اے صبا جانا

تیری فُرقت میں کب تلک جھیلوں
درد کی میرے کر دوا جانا

لوگ کہتے ہیں میرا کوئی نہیں
آپ ﷺ میرے ہیں یہ بتا جانا

اے طبیبو میری شفا کے لئے
ذکر انﷺ کا مجھے سنا جانا

لاکے تشریف خوابِ احمؔد میں
اپنی چادر بھی کر عطا جانا

 

23/05/2022

نبی کے پائے اقدس سے

نبیﷺ کے پائے اقدس سے ہے مجھ کو رابطہ رکھنا

فرشتو! سنگ اسود تک لحد میں راستہ رکھنا

مکاں میں رہ کے سیرِ لامکاں کرنے کی خواہش ہے
تو در ہی در کھلیں گے ایک در سے واسطہ رکھنا

لٹا کر قبر میں جب خاک مجھ پر ڈال دی جائے
تو کتبے کی جگہ ٹوٹا ہوا اک آئینہ رکھنا

شہیدان محبت کے لیے یہ رزق کافی ہے
درودوں کا، سلاموں کا زباں پر ذائقہ رکھنا

علیحدہ ہو کے بھی ملتی رہے گی زندگی تم سے
مظفر موت سے پہلے تم اس کا تجربہ رکھنا

 

04/05/2022

عید کا دن آگیا

ہر سو رب کی چھائی رحمت عید کا دن آگیا

ہوگیا رمضان رخصت عید کا دن آگیا

جس نے روزے رکھےرمضاں میں، ہوا وہ نور بار
اس کے رخ پر آئی زینت عید کا دن آ گیا

سب کو سینے سے لگائو اور مٹا دو قلب سے
آج ہر بغض و کدورت عید کا دن آگیا

اپنے اپنے گھرمیں دعوت رکھ کے موقع ہے سنو
کرلو اک دوجے کی خدمت عید کا دن آگیا

پورے رمضاں میں عبادت کی جو اُسکی پائنگے
آج اپنے رب سے اجرت‌ عید کا دن آگیا

ہو مبارک چاند میری نظروں کو آیا نظر
اے حبیب رب کی‌ امت عید کا دن آگیا

پہلی فرصت میں اے یارو ! بےکس و مجبور کی
کیجیے پوری ضرورت عید کا دن آگیا

عید کےصدقے میں نازاؔں رب سے بخشش چاہ لو
ہے بڑا موقع غنیمت عید کا دن آگیا

 

Popular

Koi Gul Baqi Rahega

کوئی گل باقی رہے گا نہ کلی رہ جائے گی پھر بھی زیرِ آسماں حب نبی رہ جائے گی نامیوں کے نام کا نقطہ بھی نہ رہ جائے گا عظمتِ صدیق کی مہر جلیں رہ...