12/06/2024

Zindagi Yaad E Madina Main

زندگی یادِ مدینہ میں گزاری ساری

عمر بھر کی ہے کمائی یہ ہماری ساری

دیکھ کر خُلدِ بریں دل نے کہا یہ فوراً
کس نے تصویر مدینے کی اتاری ساری

ایسا اللہﷻ نے سلطان بنایا تجھ کو
رب کی مخلوق ہوئی تیری بھکاری ساری

آپﷺ کے ایک اشارے پہ خدا بخشے گا
بات بن جائے گی محشر میں ہماری ساری

ہر نبی نورِ محمد ﷺ سے ہوا ہے پیدا
اسی دریا سے یہ نہریں ہوئیں جاری ساری

تم بنا دو گے قیامت میں تو بن جائے گی
ورنہ بگڑی ہوئی باتیں ہیں ہماری ساری

خلق تو جرم کرے اور خدا فضل کرے
حق تو یوں ہے کہ یہ خاطر ہے تمہاری ساری

اچھے ان کے ہیں تو اے کیف برے کس کے ہیں
اپنی امت شہہ بطحا کو ہے پیاری ساری

ہوں گے دنیا میں کئی اور سخی بھی ساجؔد
اُنﷺ کے در تک ہے فقط دوڑ ہماری ساری

 

09/06/2024

Muhammad Ke Shahar Mein

کیوں آکے رو رہا ہے محمدﷺ کے شہر میں

ہر درد کی دوا ہے محمدﷺ کے شہر میں

آؤ گناہ گارو ! چلو سر کے بل چلیں
توبہ کا در کھلا ہے محمدﷺ کے شہر میں

قدموں نے ان کے خاک کو کندن بنا دیا
مٹی بھی کیمیا ہے محمدﷺ کے شہر میں

صدقہ لٹا رہا ہے خدا ان کے نام کا
سونا نکل رہا ہے محمدﷺ کے شہر میں

سب تو جھکے ہیں خانۂ کعبہ کے سامنے
کعبہ جھکا ہوا ہے محمدﷺ کے شہر میں

اے موت آج بھی آ کے گلے سے لگا مجھے
مرنا میں چاہتا ہوں محمدﷺ کے شہر میں

وہ مل گیا خُدا سے خُدا اُس کو مل گیا
جو جاکے کھوگیا ہے محمد کے شہر میں

اے رازؔ میں تو ہند میں بے چین ہوں مگر
دل نعت پڑھ رہا ہے محمدﷺ کے شہر میں

 

02/06/2024

Ya Rabbana Irham lana

تیرے گھر کے پھیرے لگاتا رہوں میں 

سدا شہر مکہ میں آتا رہوں میں

حرم میں، میں حاضر ہوا بن کے مُجرم
یہ لَبیک نعرہ لگاتا رہوں میں

میں لیتا رہوں بوسۂ سنگِ اَسود 
یُوں دِل کی سیاہی مٹاتا رہوں میں

الٰہی میں پِھرتا رہوں گرد کعبہ 
یوں قِسمت کی گردش مٹاتا رہوں میں

لِپٹ کر گلے لگ کے میں مُلتَزم سے
گناہوں کے دھبے مٹاتا رہوں میں

ابراہیم کے نقشِ پا چُوم کر میں 
نِگاہوں سے دل میں بساتا رہوں میں

حطیمِ حرم میں نمازوں کو پڑھ کر
تیرے در پہ دُکھڑے سُناتا رہوں میں

میں پیتا رہوں ہر گھڑی آبِ زَم زَم
لگی اپنے دِل کی بُجھاتا رہوں میں

صفا اور مروہ کے مابین دوڑوں 
سَعی کر کے تُجھ کو مناتا رہوں میں

جُھکی جن کے سجدے کو محرابِ کعبہ
وہیں دل ادب سے جُھکاتا رہوں میں

مُزدَلفہ میں وقتِ سحر مُسکرا کر
یہ سُنَّت نبیﷺ کی بتاتا رہوں میں

رمی کر کے جَمَرَاٰت کی منیٰ میں 
تیرے دُشمنوں کو مٹاتا رہوں میں

تُو شر سے پناہ دے مقدر ہو ایسا
کہ بس خیر ہی خیر پاتا رہوں میں

سند حَجِ مبرُور کی لینے حاضر 
آقاﷺ کی چوکھٹ پہ جاتا رہوں میں

ہو مقبول حج حاضری دائمی میں 
پسِ حج مدینے کو جاتا رہوں میں

الٰہی تو ایسا مُقدر عطا کر
ہمیشہ ہی طیبہ میں آتا رہوں میں

الٰہی تُو قسمت دے طُور و حِرا کی
کہ اس دل میں آقاﷺ کو پاتا رہوں میں

ہے سیّؔد کی خواہش مدینے میں مر کر
ہمیشہ ہی جنَّت کو پاتا رہوں میں

 

Popular

Koi Gul Baqi Rahega

کوئی گل باقی رہے گا نہ کلی رہ جائے گی پھر بھی زیرِ آسماں حب نبی رہ جائے گی نامیوں کے نام کا نقطہ بھی نہ رہ جائے گا عظمتِ صدیق کی مہر جلیں رہ...